بھارت سے شکست،صوبائی دارالحکوت کے باسی آپے سے باہرہوگئے

بھارت سے شکست،صوبائی دارالحکوت کے باسی آپے سے باہرہوگئے

لاہور(وقائع نگار) پاک بھارت کرکٹ میچ کے اختتام اور پاکستان کی شکست کے بعد صوبائی دارالحکومت کے رہائشیوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ مختلف مقامات پر نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر شور شرابا کیا اور ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام جگہوں پر پہنچ کر حالات کوقابو میں کر لیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کھیلا گیا جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے شروع ہوا ۔میچ میں پاکستان کو بھارت کی جانب سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔شہر بھر میں شہریوں نے میچ کو دیکھنے کے لیے دیو قامت سکرینیں لگوا رکھی تھیں لیکن پاکستان کی شکست کے بعد شہریوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور کئی مقامات پر نوجوانوں کی ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر ہلڑ بازی کی اور ٹیم کے خلاف نعرے بازی کی ۔اہم شاہراہوں میں سے مال روڈ ،جیل روڈ ،لبرٹی اور بند روڈ پر نوجوانوں نے سڑکوں پر اکٹھا ہو کر ٹریفک بلاک کرنے کی بھی کوشش کی لیکن پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کیے جانے پر وہ منتشر ہو گئے ۔

مزید : علاقائی