مصطفی کانجو کیخلاف بغیر لائسنس کلاشنکوف رکھنے کے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

مصطفی کانجو کیخلاف بغیر لائسنس کلاشنکوف رکھنے کے مقدمے کی سماعت غیر معینہ ...

لاہور (نامہ نگار )جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اکرم آزاد نے مصطفی کانجو کے خلاف بغیر لائسنس کلاشنکوف رکھنے کے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ تحصیلدار لودھراں نے ملزم مصطفی کانجو کی منقولہ اور غیرمنقولہ جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دیں۔ تعمیل کنندہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم مصطفی کانجو بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ شمالی چھاؤنی میں بغیر لائسنس کلا شنکوف رکھنے کا مقدمہ درج ہے۔ ملزم مصطفی کانجو نے اسی کلاشنکوف سے فائرنگ کر کے راہگیر طالبعلم زین کو قتل کیا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ قتل کیس سے بریت کے بعد مصطفی کانجو اس مقدمے میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے عدالت حاضر نہیں ہوا۔ عدالتی حکم پر لودھراں کے تحصیلدار نے ملزم مصطفیٰ کانجو کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی سیل بند تفصیلات عدالت میں پیش کر دیں جس پرعدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ عدالت غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے کیس میں ملزم مصطفیٰ کانجو کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

مزید : صفحہ آخر