معیاری اور فوری انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار ناقابل فراموش ہے، جسٹس اعجاز الاحسن

معیاری اور فوری انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار ناقابل فراموش ہے، جسٹس ...

  

لاہور (نامہ نگار خصوصی ) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ہے کہ معیاری اور فوری انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ان خیالات کااظہار چیف جسٹس نے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن ملتان کے صدر شیخ جمشید ریاض کی سربراہی میں سینئر وکلاء پر مشتمل 6 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں بار کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیاگیا اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں کھاریاں اور بھکر کی بار ایسو سی ایشنوں کے وفود نے بھی چیف جسٹس سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ کھاریاں بار کا وفد بار کے صدر خالد حسین ایڈووکیٹ کی سربراہی میں چیف جسٹس سے ملا جبکہ بھکر بار کے وفد کی قیادت محمد مجتبیٰ مزمل یٰسین کھچی نے کی۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ طارق افتخار احمد بھی موجود تھے۔ وکلاء رہنماؤں نے وکلاء اور سائلین کی آسانی کے لئے چیف جسٹس کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور بار ایسو سی ایشنوں کی فلاح کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ معیاری اور فوری انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار کے تمام مسائل کا حل عدالت عالیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -