اوکاڑہ بار کے سابق سیکرٹری کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج ہونے پر وکلاء کی ہڑتال

اوکاڑہ بار کے سابق سیکرٹری کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج ہونے پر وکلاء کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نامہ نگار )اوکاڑہ بار کے سابق سیکرٹری کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کئے جانے کے خلاف پنجاب بار کونسل کی اپیل پر پنجاب بھر کے وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیاتاہم فوری نوعیت کے متقاضی کیسوں کی سماعت ہوئی ،ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات التواء کا شکار ہوئے جبکہ عدالتوں میں آئے سائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پولیس سے جھڑپ کرنے والے وکلاء کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کئے جانے کے خلاف پنجاب بار کونسل کی اپیل پر وکلاء نے صوبہ بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا، وکلاء ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہونے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردی کے مقدمے میں نامزد وکیل کی ضمانت منظور کرلی۔پولیس نے دہشت گردی کے مقدمے میں نامزد اوکاڑہ بار کے سابق سیکرٹری راؤعابد مشتاق کو جسمانی ریمانڈ کے لئے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال کے روبرو پیش کیا۔عدالت نے پولیس کی جانب سے گرفتار وکیل کو جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ وکیل راؤ عابد کے وکیل غلام مرتضیٰ چودھری نے درخواست ضمانت میں عدالت کو بتایا کہ پولیس نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا لہذا ضمانت منظور کی جائے جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد گرفتار وکیل کی 20ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -