مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں مغربی نظام اور ڈھانچے بکھر رہے ہیں: حافظ سعید

مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں مغربی نظام اور ڈھانچے بکھر رہے ہیں: حافظ ...

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی جاگیر ملک پاکستان کو سیکولر بنانے کی سازشیں قوم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ یوم پاکستان کے حوالہ سے پورے ملک میں تاریخی نظریہ پاکستان کانفرنسیں جاری ہیں۔آج پشاور اور کراچی میں بڑے پروگرام ہوں گے جن میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ملک واسلام دشمن عناصر کی خوفناک سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم پورے ملک کے کونے کونے میں نظریہ پاکستان مہم چلارہے ہیں تاکہ لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔ کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نظریہ پاکستان مہم کو ایک باقاعدہ تحریک کی شکل دیکر قوم میں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والا پاکستان ایک مشن اور ایک نظریہ کے تحت حاصل کیا گیا تھا جس پر عمل پیرا نہ ہونے سے ملک میں فکری انتشار بڑھا اور ملک مسائل سے دوچار ہوا۔ہم آج پھر سے پاکستانی قوم میں وہی جذبے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔جماعۃالدعوۃ ملک میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرنے اور فکری انتشار کے خاتمہ کیلئے ملک گیر سطح پر نظریہ پاکستان مہم چلارہی ہے۔شہر شہر نظریہ پاکستان کنونشن، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ نظریہ پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ پروگراموں میں تمام سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو شریک کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک عملی تجربہ گاہ ہو گی جہاں اسلام نافذ کر کے اس کا عملی نمونہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گالیکن افسوس کہ قیام پاکستان کے بعد اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد کی پاسداری نہیں کی گئی اور یہ ملک جو اللہ کی بہت بڑی نعمت تھی اس کی ناشکری اور اسلامی شریعت کی نافرمانیاں کی گئیں تو پھر اللہ کی پکڑ آئی۔اب وقت ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں لاالہ الااللہ کا ملک بنایا جائے۔ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں مغربی نظام اور ڈھانچے بکھر رہے ہیں۔ مستقبل ان شاء اللہ اسلام اور مسلمانوں کا ہے تاہم قیادت وہی کرے گا جس کا عقیدہ و ایمان مضبوط ہو گا۔ اسی کیلئے آسمانوں سے مد د آئے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کی مکمل تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کیلئے بنایا گیا تھا۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ہر جگہ اسلام کو بنیادی نقطہ قرار دیا۔

مزید :

صفحہ آخر -