داعش اور دہشتگردی کے فتنے سے نمٹنے کیلئے دنیا سر جوڑ کر بیٹھے: ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(خبر نگار خصوصی) عوامی تحریک کے قائد اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نئی دہلی میں انسٹی ٹیوٹ فار ڈیفنس سٹڈیز اینڈ اینلسز (IDSA) میں Importance of Moderate Islam for south Asia کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دنیا داعش اور دہشتگردی کے فتنے سے نمٹنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے ، داعش عصر حاضر کا سب سے بڑا فتنہ اور اپنی نوعیت کے یہ بدترین دہشتگردہیں انکے مقابلہ اور خاتمہ کیلئے پوری دنیا بالخصوص او آئی سی اور مسلم ممالک کو فیصلہ کن جنگ کی تیاری کرنا ہو گی۔انہوں نے لیکچر کے دوران بتایا کہ داعش پر میری ایک کتاب اگلے دو تین ماہ میں چھپ جائے گی جس میں داعش کے فتنہ پر تفصیلی بحث کی گئی ہے اور اس فتنہ سے نمٹنے کیلئے حل بھی تجویز کئے گئے ہیں ۔ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے لیکچر میں کہاکہ بین الاقوامی تنازعات جو زیادہ تر سیاسی نوعیت کے ہیں ان کے حل میں عدم دلچسپی کے باعث انتہا پسندی،تشدد اور داعش جیسی برائیاں جنم لے رہی ہیں ،غربت تعلیم،صحت کی سہولتوں کے فقدان دولت اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے نا ہموارسیاسی و سماجی رویے دہشتگردی اور داعش جیسے فتنوں کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔ سربراہ عوامی تحریک نے اپنے لیکچر میں کہاکہ یہ سوالات جواب طلب ہیں کہ داعش کے پاس وسیع و عریض آئل اور وسائل کہاں سے آئے،انکے تصرف میں وسیع و عریض رقبہ ہے یہ سب سہولتیں ان نووارد درندوں کو کہاں سے میسر آئیں ،انہیں اسلحہ اور تربیت کون دیتا ہے ،انکی معیشت کیا ہے ،یہ دنیا بھر سے افرادی قوت کو پر کشش معاوضوں پر کیسے حاصل کر رہے ہیں ،کون ہیں جو انکے سہولت کار بنے ہوئے ہیں ؟یہ سب منظر عام پر آنا چاہیے ان حقائق کو چھپانا یا بیان نہ کرنا داعش کی مدد کرنے جیسا عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حضرت محمد ؐ نے ایسے فتنوں کی نشاندہی کی تھی اور اس کے خاتمے کیلئے بھرپور ریاستی طاقت برؤے کار لانے کی ہدایت کی تھی،انہوں نے کہاکہ داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ پیغمبر اسلام نے اسلام اور انسانیت کے ان دشمنوں کا حلیہ بتاتے ہوئے انہیں قتل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے (IDSA) میں شریک ممتاز بھارتی شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی اورداعش کو اسلام سے نہ جوڑا جائے ،اسلام تو ایسے فتنوں کو کچل دینے کا حکم دیتا ہے ۔پاکستان اور بھارت اپنے مشترکہ دشمن کو پہچانیں اور انکے قلع قمع کیلئے ایک میز پر بیٹھیں ۔
ڈاکٹر طاہر القادری