مہاجر قومیت کو داغ دار اور تاریخ کو مسخ ہونے نہیں دینگے، سلیم حیدر

مہاجر قومیت کو داغ دار اور تاریخ کو مسخ ہونے نہیں دینگے، سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر قومیت کو داغدار اور مہاجر تاریخ کو مسخ نہیں ہونے دیں گے۔ مہاجر قومیت آج تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے ۔ کچھ قوتیں مہاجروں کو ملک دشمن ثابت کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن چند افراد کی غلطی کی سزا پوری قوم کو نہیں دی جاسکتی۔ مہاجر نہ تو پاکستان کی سالمیت کیخلاف کوئی بات برداشت کرسکتے ہیں اور نہ ہی پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار بن سکتے ہیں۔ مہاجروں نے نہ صرف پاکستان بنایا بلکہ پاکستان بچانے کی سزا کے طورپر بھی کئی لاکھ مہاجر بنگلادیش میں ریڈ کراس کے کیمپوں میں اذیت ناک زندگی گزار رہے ہیں۔ ان محصورین پاکستان کو بھی صرف محب وطن کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ایک مرتبہ پھر اسی طرح کا عمل دہرایا گیا تو یہ پاکستان کی وحدت اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا کیونکہ اس پاکستان کی تعمیروترقی اور اسے گل وگلزار بنانے میں مہاجروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ لیکن چند لوگوں کی خواہش کو پوری قوم کا فیصلہ تصور نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ کے اس اہم موڑ پر مہاجر دانشوروں، ادیبوں ، شعراء ، وکلاء، صحافی، بیوروکریٹس، طلبہ کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مہاجر قومیت کی بقاء کیلئے اُٹھ کھڑے ہونا چاہئے۔