کراچی ،نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے تحت کارواں آج ہوگا

کراچی ،نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے تحت کارواں آج ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے تحت کراچی میں عظیم الشان کارواں آج (اتوار) کو ہوگا۔ دوپہر 2 بجے سفاری پارک سے شروع ہونے والے کارواں کے اختتام پر شاہراہ قائدین (نورانی کباب) پر بڑا جلسہ ہوگا۔ جس سے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ نظریہ پاکستان کارواں کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ شہر بھر میں جاری تشہیری مہم بھی اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ تشہیری مہم کے آخری روز شہر میں فلوٹس کا گشت جاری رہا، جس کے ذریعے لوگوں کو کارواں میں شرکت کی دعوت دی جاتی رہی۔ کارواں کی سیکورٹی کے لیے جماعۃ الدعوۃ کے ایک ہزار رضاکار فرائض سرانجام دیں گے۔ تمام شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد جلسہ گاہ میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکار اور المحمدیہ اسٹوڈنٹس کے کارکنان شرکاء کی رہنمائی و مدد کے لیے استقبالیہ کیمپ پر موجود ہوں گے۔ نظریہ پاکستان کارواں میں سیاسی و مذہبی قیادت شریک ہوں گی۔ جن میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، سینئر سیاستدان غوث علی شاہ، جمعیت علمائے پاکستان کے صدر شاہ اویس نورانی، جید عالم دین مفتی زر ولی خان، مفتی محمد نعیم، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عرفان اللہ مروت، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، پاکستان پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حفیظ الدین ایڈووکیٹ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالکریم عابد، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما حافظ احمد علی، جماعت غربا اہلحدیث کے رہنما حافظ محمد سلفی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما مولانا یوسف قصوری، تنظیم اسلامی کے رہنما شجاع الدین شیخ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما قاضی احسان سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے ضلعی ذمے داران و انتظامی کمیٹیوں کے ہمراہ شاہراہ قائدین کا دورہ کیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔ قبل ازیں انہوں نے نظریہ پاکستان کارواں کے حوالے سے جماعۃ الدعوۃ کے ضلعی، تحصیلی و شعبہ جاتی ذمے داران کے اجلاس میں تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ شہر کے مختلف مقامات سے جماعۃ الدعوۃ کے علاقائی ذمے داران کی قیادت میں ہزاروں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلے سفاری پارک پہنچیں گے، جہاں سے عظیم الشان نظریہ پاکستان کارواں کا آغاز ہوگا۔ جس کے اختتام پر شاہراہ قائدین پر بڑا جلسہ منعقد ہوگا۔ مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ نظریہ پاکستان کارواں قوم کے جذبات کی ترجمانی کرے گا۔ کارواں کے کامیاب انعقاد سے لادین حلقوں کے اس دعویٰ کی نفی ہوگی کہ پاکستان ایک سیکولر ریاست ہے۔ پاکستان کے عوام نے اپنی نظریاتی پہچان کو فراموش نہیں کیا۔ پاکستان کی شناخت کل بھی اسلامی نظریاتی ملک کے طور پر ہوتی تھی، اب بھی یہ پہچان برقرار رہنی چاہئے۔ انہوں نے اہالیان کراچی سے اپیل کی کہ وہ نظریہ پاکستان کارواں میں بھرپور انداز سے شرکت کریں۔