رینجرز کی چوکی پر حملہ دہشت گردی ہے، محمد اسلام
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام نے کورنگی کراسنگ پر رینجرز چوکی پر کریکر دھماکے کی سخت مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو شہر کا امن قبول نہیں ہے اور دہشت گرد عناصر شہر میں بدامنی پھیلا کر شہر کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ محمد اسلام نے کہا کہ کورنگی کراسنگ پر رینجرز کی چوکی پر حملے میں ملوث دہشت گرد عناصر کو گرفتار کیا جائے۔ اس سے قبل گلشن اقبال وشہر کے دیگر علاقوں میں بھی رینجرز کی چوکیوں پر حملے کئے گئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ان دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ محمد اسلام نے کہا کہ رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد عناصر کا نیٹ ورک توڑ دیا ہے اور شہریوں سمیت تاجروں اور صنعت کاروں کو سکون اور چین حاصل ہوا ہے۔