جنوبی پنجاب میں جشن بہاراں کی تیاریاں‘ انتظامی کمیٹیاں تشکیل

جنوبی پنجاب میں جشن بہاراں کی تیاریاں‘ انتظامی کمیٹیاں تشکیل

خانیوال، کبیروالا، راجن پور (نمائندگان) جشن بہاراں کے سلسلے میں جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں مختلف کھیلوں کے نمائشی مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ چراغاں ہوگا اور بچوں کیلئے جھولوں اور کھیل تماشے کا اہتمام کیا جائے گا۔ خانیوال سے نمائندہ خصوصی ، (بقیہ نمبر24صفحہ7پر )

نمائندہ پاکستان کے مطابق خانیوال میں جشن بہاراں فلاور فیسٹول 26تا 28مارچ سٹی پارک میں ہوگا جس میں سرکاری ‘ نیم سرکاری اور پرائیویٹ ادارے پھولوں کے سٹالز لگائیں گے ۔ 27مارچ کا دن خواتین کے لیے مخصوص ہوگا ۔اس بات کا فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر عابد حسین بھٹی ‘ ٹی ایم او شوکت مجوکہ ‘ ڈی او زراعت نذیر بھٹی ‘ تعلیمی اداروں کے سربراہان سمیت دیگر متعلقہ افسرا ن نیسلے ‘ جدید فیڈز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں اے ڈی سی نے فلاور فیسٹول کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی جو انتظامات مکمل کرے گی ۔اجلاس میں تحصیل سپورٹس آفیسر نے شرکاء کو بتایا کہ یوم پاکستا ن اور جشن بہاراں کی تقریبات کے سلسلہ میں 21تا 23مارچ شبیر سٹیڈیم میں کھیلوں کے نمائشی مقابلے ہوں گے 21مارچ کو ہاکی ‘ 22کشتی جبکہ 23مارچ کو کبڈی ‘ رسہ کشی اور کرکٹ کے نمائشی مقابلے ہوں گے ۔کبیروالا سے تحصیل رپورٹرکے مطابق کبیروالا میں 22تا24مارچ کو منعقدہ جشن بہاراں کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔اسسٹنٹ کمشنر کبیروالا کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں نو منتخب کونسلر اور سابق صدر بار اکیسوسی ایشن راؤ سلطان احمد ایڈووکیٹ کی قیادت میں 8رکنی انتظامی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس نے گزشتہ روز پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے اقدامات شروع کردئیے، جشن بہاراں کا مرکزی پروگرام گورنمنٹ ہائی سکول کبیروالا کے گراؤنڈ میں منعقد ہوگا جہاں 22 مارچ کی شام کو جشن بہاراں کا ا.فتتاح ہوگا اور 23مارچ اور24مارچ کو جشن بہاراں کے سلسلہ میں مختلف سٹالز اور پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔چئیرمین انتظامی کمیٹی راؤ سلطان احمد ایدووکیٹ نے بتایا ہے کہ جشن بہاراں کے انعقاد کے ذریعے کبیروالا شہر کی کھوئی ہوئی رونقیں بحال کریں گے ۔تمام شہر میں چراغاں کیا جائے گا۔ بچوں کے لئے جھولے اور کھیل تماشے منعقد ہونگے ،۔ روائتی جگت بازی ’’ وگتی‘‘ کے مقابلے منعقد ہونگے جبکہ شہریوں کی تفریح کے لئے مزید پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے ۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار کے مطابق ڈی سی او راجن پور چوہدری ظہور حسین گجر کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق جشن بہاراں 2016 کے حوالے سے ضلع راجن پور میں 21-22-23مارچ کو جشن بہاراں کے حوالے سے 3روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ ڈی سی او راجن پور کی خصوصی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ضلع راجن پور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 50ہزار گملوں کا ٹارگٹ مخصوص کیا گیا ہے جو کہ راجن پور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے جارہا ہے۔اس سے پہلے ذیادہ سے ذیادہ 20ہزار گملوں تک ہی ٹارگٹ پہنچ سکا تھا۔ ڈی او فاریسٹ طلعت عباس ضلع بھر کے لئے دیئے گئے 50ہزار گملوں کے ٹارگٹ کو ممکن بنانے میں اپنا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ طلعت عباس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کے حصول کے لئے پتوکی،صادق آباد،ملتان اور ڈی جی خان سے سیزنل پھول وغیرہ منگوائے جا رہے ہیں اور ابتک کافی حد تک اپنے ٹارگٹ کے نزدیک پہنچ چکے ہیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر