مقدمات سے خوفزدہ ہو کر ملک نہیں چھوڑا، صحت یاب ہوتے ہی واپس آؤں گا: پرویز مشرف

مقدمات سے خوفزدہ ہو کر ملک نہیں چھوڑا، صحت یاب ہوتے ہی واپس آؤں گا: پرویز مشرف

دبئی(اے این این)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہاہے کہ وہ اپنے خلاف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات سے خوفزدہ نہیں ،تندرست ہوتے ہی وطن واپس چلے جائیں گے ۔ دبئی میں عیادت کے لئے آنے والے کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ عدالت نے انہیں نقل و حرکت کی اجازت دی ہے اور امید کرتے ہیں کہ دیگر مقدمات میں بھی ان کے ساتھ انصاف ہی ہوگا وہ اپنے ملک و قوم کی خدمت کے لئے پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے عدالتی مقدمات سے خوفزدہ ہوکر اپنا ملک نہیں چھوڑا، کام کرنے کے لئے صحت اور صحت کیلئے علاج ضروری ہے۔ تندرست ہوتے ہی پاکستان چلے جائیں گے صحت مند ہوکر ایک دن بھی وطن سے باہر نہیں گزارنا چاہتے۔پرویز مشرف نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے سرمایہ کاری ضروری ہے، قرضوں سے ملک نہیں چلتے، قرضے بمع سود واپس کرنا پڑتے ہیں ۔ ہم آئندہ انتخابات میں تیسری سیاسی قوت بن کر ابھریں گے۔ امیر ممالک کے ساتھ تعلقات اور اعتماد کی بنیاد پر سرمایہ کاری حاصل کرکے ملک و قوم کو درست سمت کی جانب گامزن کریں گے۔ قومی دولت لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنانے والے آئندہ انتخابات میں بری طرح ناکام ہوجائیں گے۔

مزید : ملتان صفحہ اول