ترقی یافتہ ملک کا وزیراعظم جسے ڈاکٹرسے تصدیق کرواناپڑی کہ کہیں وہ دراصل چھپکلی تو نہیں ،وجہ انتہائی دلچسپ
ولنگٹن (نیوز ڈیسک) ہمارے ہاں حکمرانوں سے سوالات پوچھنے کا رواج نہیں ہے مگر ترقی یافتہ ممالک میں حکمرانوں سے کوئی بھی سوال کیا جاسکتا ہے۔ اسی آزادی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کے آفیشل انفارمیشن ایکٹ کے تحت ایک شہری نے وزیراعظم جان کی کو ایک عجیب و غریب سوال بھیج دیا اور وزیراعظم نے اس کا جواب بھی دیا۔
نیوزی لینڈ کے ٹی وی "3news"کے مطابق وار بروک نامی شہری نے دیگر سوالات کے ساتھ وزیراعظم کو یہ سوال بھی بھیجا تھا کہ ”وہ ثابت کریں کہ وہ شکلیں تبدیل کرنے والی خلائی چھپکلی نہیں ہیں جو بنی نوع انسان کو غلامی کی طرف لے جارہی ہے۔“ جب حال ہی میں وزیراعظم سے براہ راست پوچھا گیا کہ انہوں نے شہری کے سوال کا کیا جواب دیا تو ان کا کہنا تھا، ”جہاں تک مجھے معلوم ہے، نہیں۔ کیونکہ مجھ سے یہ سوال براہ راست پوچھا گیا تھا تو میں نے خلاف معمول قدم اٹھاتے ہوئے نہ صرف انسانوں کے ڈاکٹر بلکہ ویٹرنری ڈاکٹر سے بھی معلوم کیا ہے اور دونوں نے تصدیق کی ہے کہ میں خلائی چھپکلی نہیں ہوں۔“ انہوں نے مسکراتے ہوئے مزید کہا، ”تو یقیناً میں چھپکلی نہیں ہوں۔ میں کبھی کسی خلائی جہاز میں نہیں رہا، نہ ہی میں کبھی گہرے خلاءمیں گیا ہوں، اور میری زبان بھی کچھ زیادہ لمبی نہیں ہے۔“
شہری واربروک، جو کہ ایک مصنف اور موسیقار ہیں، کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ سوال کچھ سنجیدہ سوالات کے ساتھ محض مذاق کے طور پر پوچھا تھا۔