پانی کی کمی کوپوراکرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے: ڈاکٹرمرتضیٰ مغل

پانی کی کمی کوپوراکرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے: ڈاکٹرمرتضیٰ مغل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ پانی کی کمی ملکی آبادی، زراعت اور صنعت کیلئے بہت بڑا خطرہ بنتی جا رہی ہے اس حوالے سے طویل مدت کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بیان میں کیا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ اس وقت زراعت، صنعت اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کا معاملہ سنگین ہوتا جا رہا ہے،ملک کے اقتصادی مرکز کراچی کی آبادی دوکروڑ تک پہنچ چکی ہے لیکن شہر کی تمام آبادیوں کو پانی کی فراہمی میں مسائل کا سامنا ہے اور زیادہ ترلوگ پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان زرعی، معدنی اور دیگر شاندار قدرتی خزانوں کی ساتھ ساتھ آبی وسائل سے بھی مالا مال ہے جو ہمارے ملک کو دنیا کا خوشحال ترین ملک بنا سکتے ہیں مگر ان وسائل سے استفادہ کیلئے خصوصی کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر سرکاری تنظیم کے مطابق قیام پاکستان کے وقت ہر ایک پاکستانی کے لیے پانچ ہزار کیوبک میٹر پانی دستیاب تھا جو گزرتے وقت کے ساتھ کم ہو کرایک ہزار مکعب میٹر رہ گیا ہے جو باعث تشویش ہے۔ ڈاکٹر مغل نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی پانی ذخیرہ کی صلاحیت صرف نو فیصد ہے جبکہ دنیا بھر میں یہ شرح چالیس فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے اور پانی کے معاملات حل کرنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
zuh/irf/zri 1531

مزید :

کامرس -