کینگروز کو مشکلات کا سامنا ،بھارت کو152رنز کی برتری
رانچی (آئی این پی )بھارت اور آسٹریلیا کے مابین تیسرے ٹیسٹ میں کینگروز کو مشکلات کا سامنا بھارت نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز 451رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 603رنز پر ڈکلیئر کردی اور152رنز کی برتری حاصل کرلی،جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 23رنز بنا لیے ہیں،آسٹریلیا کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 129رنز درکار ہیں اور اس کی 8وکٹیں ابھی باقی ہیں۔تفصیلات کے مطابق رانچی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بھارت نے اپنے تیسرے دن کے سکور 6وکٹوں کے نقصان پر 360رنز اننگز کا آغاز کیا تو بھارت کی ساتویں وکٹ 527رنز کے مجموعی سکور پر گری جب پجارا 202رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،بھارت نے اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 603رنز پر ڈکلیئر کردی،بھارت کی جانب سے پہلی اننگز میں پجارا202،وریندمن ساھا 117،جدیجہ 54،مرلی ویجے 82اور راہول 67رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے،آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں پٹ کمنز4،کیرفی3 اور ہیزل ووڈ اور لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2وکٹوں کے نقصان پر 23رنز بنا چکی ہے،آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 14،ناتھن لیون 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رین شاہ 7رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں،بھارت کی جانب سے جدیجہ نے 2وکٹیں حاصل کیں۔