وزیراعظم انشورنس سکیم کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھایا جارہا ہے

وزیراعظم انشورنس سکیم کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھایا جارہا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( پ ر) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ وزیراعظم انشورنس سکیم پنجاب کے چار اضلاع میں جاری ہے اوراس سال کے آخر تک اس کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جارہا ہے ،جس پر پنجاب حکومت 12ارب روپے خرچ کرے گی۔اس پروگرام کے تحت 80لاکھ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے افرادمعیاری تعلیم کی سہولیات مفت حاصل ہوں گی اوراس پروگرام سے 57لاکھ سے زائد خواتین و بچے مستفید ہوں گے۔تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات عوام کا حق ہے اور پنجاب حکومت یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے ۔کاش70سال قبل پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں آجاتاتوگلی محلے میں دھول میں گم ہوجانے والے قوم کے گوہر نایاب تعلیم حاصل کر کے ملک کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردارادا کررہے ہوتے ۔آج اگر قوم کے ہزاروں بچے اور بچیاں وسائل نہ ہونے کے باعث انجینئرز ، ڈاکٹرز ،پروفیسرز،ٹیچرز بننے سے محروم رہ گئے ہیں تو اس کی ذمہ دار اس ملک کی اشرافیہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کے عظیم بیٹوں اوربیٹیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ریاست کا فرض ہے لیکن بدقسمتی سے سیاستدانوں، اشرافیہ،افسر شاہی اوربااختیار طبقے نے ملک کی تقدیر کو بدلنے نہیں دیا اوروسائل کی لوٹ مار کے باعث لاکھوں بچے و بچیاں اپنا مستقبل نہیں سنوار سکیں جس کی واحد مجرم ملک کی اشرافیہ ہے اور میں بھی اس میں شامل ہوں ۔اگر قوم کے ان نگینوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل فراہم کیے جاتے تو پاکستان کا شمار بھی آج ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوتا ۔ترقی یافتہ قوم نے معیاری تعلیم اورجدید علوم کو فروغ دے کر ہی ترقی کی منزل حاصل کی ہیں