11اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز ، صحت محافظ ٹیمیں متحرک

11اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز ، صحت محافظ ٹیمیں متحرک

لاہور( جنرل رپورٹر) پنجاب کے گیارہ اضلا ع میں پولیو کی مہم کا آغاز20 مارچ سے ہو گا۔ وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کی صحت محافظ ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پیر کے روز سے شروع ہونے والی مہم میں گیارہ اظلاع میں پولیو کے قطرے پلائیں گی ۔پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ یہ مہم لودھراں، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی، بہاولپوراور ساہیوال ) 37 یو نین کونسلز)میں منعقد کی جائیں گی، ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ لودھراں میں پولیو کیس اور ملتان میں ماحولیاتی نمونے میں تصدیق کی وجہ سے یہاں مہم منعقد کی جا رہی ہے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے کہا کہ تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔ خاص طور پر دوسرے صوبوں سے آنے والے خاندان بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں ۔ انہو ں نے بتایا کہ اس مہم میں تقریباًساٹھ لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کے لودھراں سے پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد اور موحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی وجہ سے مہم کا انعقاد بہت ضروری تھا۔ پنجاب میں سال 2016 میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم پنجاب میں چودہ ماہ کے بعد گزشتہ ماہ لودھراں میں پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوا۔ پاکستان میں سال 2016میں 20پولیو کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے آٹھ سندھ، آٹھ خیبر پختون خواہ،دوبلوچستان اور دو فاٹا سے رپورٹ ہوئے ہیں ۔جبکہ پنجاب سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1