اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ، فلسطینی بچہ شہید ، متعدد افراد زخمی
الخلیل (اے این این)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں گزشتہ روز جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک 16سالہ فلسطینی بچہ شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں شہید فلسطینی لڑکے کی شناخت مراد یوسف ابو غازی کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق مراد ابو غازی کی شہادت سینے میں گولی لگنے کے نتیجے میں ہوئی۔
غازی کو شدید زخمی ہونے کے بعد العروب پناہ گزین کیمپ کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق شدید زخمی فلسطینی لڑکے کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا مگر وہ زیادہ دیر تک زندہ نہ رہ سکا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اسرائیلی فوج کی ریاستی دشت گردی کے نتیجے میں متعدد دوسرے شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔