امریکا نے ایرانی حمایت یافتہ دو بحرینی شدت پسند بلیک لسٹ کردیئے

امریکا نے ایرانی حمایت یافتہ دو بحرینی شدت پسند بلیک لسٹ کردیئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن( آن لائن)امریکی محکمہ خزانہ نے خلیجی ریاست بحرین کے دو شہریوں کو ایران کی حمایت اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں بلیک لسٹ کردیا ہے۔ دوسری جانب بحرین نے امریکی حکومت کے اقدام کی تحسین کرتے ہوئے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منامہ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے ’الاشتر بریگیڈ‘ سے وابستہ دو افراد کو دہشت گرد قرار دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ واشنگٹن دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ موثر طریقے سے لڑ رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی وزارت خزانہ نے ’الاشتربریگیڈ‘ نامی ایران نواز گروپ میں شامل دو بحرینی باشندوں احمد حسن یوسف اور مرتضیٰ مجید رمضان علوی کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے انہیں دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں دونوں بحرینی باشندوں پر اقتصادی پابندیاں عاید کرتے ہوئے ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے مالی لین دین کی ممانعت کردی ہے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ بلیک لسٹ کیے گئے دونوں بحرینی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ ان کی پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں امریکی مفادات کوبھی نقصان پہینچنے کا اندیشہ ہے۔

مزید :

عالمی منظر -