شرجیل میمن کیخلاف اقدام پر برہمی ، وزیراعلیٰ سندھ نےوفاقی اداروں کو بوریا بستر گول کرنیکی دھمکی دیدی

شرجیل میمن کیخلاف اقدام پر برہمی ، وزیراعلیٰ سندھ نےوفاقی اداروں کو بوریا ...

خیرپور ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلی ٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے روش نہ بدلنے پر وفاقی اداروں کو بوریا بستر گول کرنیکی دھمکی دی ہے ۔ دوسری جانب شرجیل میمن کے خلاف نیب حکام کے اقدام پر سندھ اور وفاق میں ٹھن گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ بھی برس پڑے ہیں ۔مراد علی شاہ نے کوئی بھی انتقامی کارروائی برداشت نہ کرنے کا واضح پیغام دیا۔ شرجیل انعام نیب کا نشانہ بنے ہیں تو وزیر اعلی ٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے بھی دو ٹوک پیغام دے دیا ہے۔ خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ سابق صوبائی وزیر ضمانت پر ہیں، عدالت سے جو حکم ملا ہے اس پر عمل کریں گے، کسی اور نے کچھ کیا تو جواب دیں گے۔ انہوں نے وفاقی اداروں کی کلاس لیتے ہوئے کھلم کھلا وارننگ بھی دی، انہوں نے کہا کہ وفاقی اداروں نے روش نہیں بدلنی تو ان کا بوریا بستر گول کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شرجیل میمن آج عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت جو بھی فیصلہ دے گی، اس کا احترام کیا جائے گا۔فاروق ستار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کچھ کیسز میں عدالت کو مطلوب ہیں جن میں عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ فاروق ستار کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ کئی ایسے کیسز بھی ہیں جس میں انہوں نے ضمانت نہیں کرائی۔اس سے قبل خیرپور میں شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کی آمد پر شہر میں خاردار تار لگا کر جگہ جگہ راستے بند کئے گئے تھے۔ مراد علی شاہ وسان ہاؤس گئے جہاں منظور وسان کے ساتھ چائے پی اور ہلکی پھلکی گفتگو کی۔ مراد علی شاہ نے جیلانی ہاؤس میں سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ اپنے حلقہ سیہون شریف بھی گئے جہاں انہوں نے کھلی کچہری میں عوام کی شکایات سنیں۔

وزیر اعلی سندھ

مزید : علاقائی