آبی تنازعات پر پاک بھارت 113ویں مذاکرات آج ہونگے

آبی تنازعات پر پاک بھارت 113ویں مذاکرات آج ہونگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے انڈس واٹر کمشنرز کی سطح پر آج اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے۔ اعلامیہ کے مطابق دو روزہ مذاکرات میں بھارت کی جانب سے متنازعہ ڈیموں کی تعمیر کو اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف سعید اور بھارتی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کریں گے۔بھارت کی جانب سے پن بجلی کے چار منصوبوں کی تعمیر پر بات چیت کا امکان ہے۔ اجلاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مسائل کے حل کیلئے ثالث کی تعیناتی پر بھی بات کا امکان ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان پانی کے اعداد و شمار کے تبادلے، دریاؤں میں پانی کی صورتحال اور سیلاب کی پیشگی اطلاع کے امور زیرغور آئینگے۔ مذاکرات کے دوران ایجنڈے پر اتفاق ہونے کی صورت میں اعلامیہ بھی آ سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مذاکرات میں دریائے چناب پر بننے والے 3 منصوبوں کا معاملہ اٹھائے گا۔ ان منصوبوں میں مایار ڈیم، لوئر کلنائی ڈیم اور پاکل دل ڈیم شامل ہیں۔ 1960ء میں طے پانیوالے سندھ طاس معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے مابین پانی کے تنازعہ پر یہ 113 ویں مذاکرات ہوں گے جبکہ مذاکرات میں فریقین متنازع امور کے حل کیلئے ثالث کی تعیناتی پر بات چیت کر سکتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -