نواز شریف کی قیادت میں پاکستان خطے کی بڑی معاشی قوت بن کر ابھر رہا ہے،علی اکبر

نواز شریف کی قیادت میں پاکستان خطے کی بڑی معاشی قوت بن کر ابھر رہا ہے،علی اکبر

لاہور( جنرل رپورٹر) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ریاست کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی بہترین محافظ جماعت کے طور پر بیس کروڑ پاکستانیوں کی واحد ترجیح بن چکی ہے. ذاتی اقتدار کے لئے سیاست کا راستہ اختیار کرنے والی حزب مخالف کی جماعتوں کے پاس عوام اور ملک کے لئے کوئی منصوبہ نہیں ان کا اصل ہدف اقتدار تک پہنچنا ہے.پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجرنے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی دوراندیش قیادت میں پاکستان خطے کی بڑی معاشی قوت بن کر ابھر رہا ہے اقتدار کی مدت کی تکمیل تک ایشیا کاکوئی ملک پاکستان کے ہم پلہ نظر نہیں آئے گا. پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ریاست کے مفادات پر مبنی پالیسیوں نے مملکت پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی حدود کو محفوظ بنادیا ہے۔

بلکہ اللہ کی مدد سے پاکستان ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مخالفت کرنے والی جماعتوں کا ایک ہی ہدف ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اقتدار پر قابض ہو سکیں . کراچی سے خیبر تک ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں اور بہت جلد پاکستان کی تمام انتظامی اکائیاں موٹر وے، پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے باہم مربوط ہوچکی ہونگی ۔ ملک میں توانائی کے منصوبوں کی بتدریج تکمیل توانائی کے بحران اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی نوید ہے. امن و امان کے معاملے میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجیحات دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کر رہی ہیں اور پاکستان دہشت گردی کے عفریت سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکا ہے . قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان دہشت گردی سے پاک ملک بن کر ابھر رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی عوام اب کسی دوسری جماعت کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں اور نہ ہی منفی سیاست کرنے والوں کو پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے دیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4