حکومتی کرپشن کی وجہ سے بیرونی دنیا میں پاکستانی کمیونٹی کو سخت خفت اٹھانا پڑتی ہے :سراج الحق

حکومتی کرپشن کی وجہ سے بیرونی دنیا میں پاکستانی کمیونٹی کو سخت خفت اٹھانا ...

 لاہور (این این آئی) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور بیت اللہ میں نوافل ادا کرنے کے بعد ملک و قوم اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔مکہ مکرمہ میں پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ محنت مزدوری کے سلسلہ میں بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے بہترین سفیر ہیں اور انہیں دنیا بھر میں اپنے کردار سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشرق و مغرب اور خلیج کے ممالک میں پھیلے ہوئے لاکھوں پاکستانی ہر سال بیرون ملک سے اٹھارہ ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ کما کر پاکستان بھیجتے ہیں مگر پاکستان کے کرپٹ حکمران اپنے گھروں اور خاندانوں سے دور، ان محنت کشوں کی خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر با ہر منتقل کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو سخت ٹھیس پہنچی ہے ،حکومتی کرپشن کی وجہ سے بیرونی دنیا میں پاکستانی کمیونٹی کو سخت خفت اٹھانا پڑتی ہے ۔پاکستان میں بدامنی اور دہشت گردی کی بڑی وجہ خود حکمرانوں کی طرف سے آئین و قانون کی پامالی ہے ۔جب تک ملک میں آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے پاکستان کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا جواب اپنے مثبت کردار سے دیں اور جہاں اور جس ملک میں بھی ہوں وہاں کے قانون کی پابندی کریں ۔سینیٹر سراج الحق نے پاکستانی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور انہیں ووٹ کا حق دلانے کیلئے کوشاں ہے اور ہم نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دیا جائے تاکہ وہ ملک میں دیانتدار قیادت کے انتخاب میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اپنے وفد کے ہمراہ رابطہ عالم اسلامی کی کانفرنس میں شریک ہیں ۔وفد میں جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفار عزیز ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور اتحاد العلماء پاکستان کے صدر سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالمالک شامل ہیں۔

سراج الحق

مزید : علاقائی