ملک سے کر پشن کے مکمل خاتمے اور احتساب کا وقت آچکا ، مراد راس
لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ تحر یک انصاف پاکستان کی واحد سیاسی اور عوامی جماعت ہے جو پہلے دن سے ملک میں کر پشن کے خلاف جس جذبے کیساتھ جنگ لڑ رہی ہے آج بھی اسی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ ملک سے کر پشن کے مکمل خاتمے اور احتساب کا وقت آچکا ہے اور کرپشن کر نیوالوں کو ہر صورت سزا ملے گی ۔ اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرکے تمام فنڈز اورنج لائن پر لگا دئیے گئے ہیں اس کے باوجودابھی تک اس منصوبہ پر بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔
عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں اور حکمران ایسے منصوبے بنا رہے ہیں جن سے عوام کوفائدہ نہیں ،حکمرا ن اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں انہیں عوام کی فکر نہیں ہے، معاشی ترقی کے حکومتی دعوے جھوٹ ہیں مالی خسارہ انتہاکو پہنچ چکا ہے آمدنی اور خرچ کا فرق بڑھتا جا رہاہے انہوں نے مزید کہا کہ تحر یک انصاف ہر فورم پر ملک اور قوم کے مفادات کی جنگ لڑ تی رہے گی۔