صوبائی دارالحکومت ،ڈکیتی چوری کی متعدد وارداتیں،شہری لاکھوں کی نقدی ،زیورات اور گاڑیوں سے محروم

صوبائی دارالحکومت ،ڈکیتی چوری کی متعدد وارداتیں،شہری لاکھوں کی نقدی ...

لاہور(خبرنگار)صوبائی دارالحکومت میں مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، کاروں وموٹرسائیکلوں سے محروم کردیا گیا تفصیلات کے مطابق ہنجروال کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے سوئی گیس کے افسر عمران اور اس کی فیملی سے 5لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور چار عدد موبائل فون چھین لئے۔ سندر کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے حساس ادارے کے اہلکار ظفر اقبال سے دو قیمتی موبائل سیٹ ، نقدی اور موٹر سائیکل چھین لی۔ کاہنہ سے ڈاکوؤں نے شہباز اور اس کے اہلخانہ سے 4لاکھ45ہزار روپے، مصطفی آباد سے ڈاکوؤں نے شہزاد اور فیملی سے 2لاکھ25ہزار روپے وموبائل فون،سمن آباد سے ڈاکوؤں نے تنویر اور فیملی سے 4لاکھ10ہزار روپے و موبائل فون،اچھرہ سے ڈاکوؤں نے امجد علی اور فیملی سے 3لاکھ کی نقدی طلائی زیورات چھین لیے۔ اسی طرح جنوبی چھاؤنی کے علاقہ میں دو ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے خواجہ آصف شامی شہری کو فیملی سمیت روک کر گن پوائنٹ پر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی۔ جنوبی چھاؤنی اور شمالی چھاؤنی پولیس آپس میں حدود کے تعین پر لڑتی رہی۔ آخرکار جنوبی چھاؤنی پولیس نے گزشتہ رات کو مقدمہ درج کر لیا۔ نصیر آباد کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے خاتون ماریہ سے پرس اور موبائل چھین لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اسی طرح اچھرہ کے علاقہ میں شہری ابرار سے ڈاکو نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ لوئر مال سے ڈاکوؤں نے قیوم اور اس کے دوست سے 1لاکھ کی نقدی وموبائل فون، مسلم ٹاون سے ڈاکوؤں نے عرفان سے 2لاکھ و موبائل فون چھین لیا،شاہدرہ ٹاون سے ڈاکوؤں نے روف سے 4لاکھ67ہزار روپے وموبائل فون، شفیق آباد سے ڈاکوؤں نے لیاقت سے 1لاکھ روپے وموبائل فون چھین لیا۔تھانہ نواب ٹاؤن کے علاقہ میں نامعلوم چوروں نے ڈاکٹر عمران کی گھرکے باہر کھڑی گاڑی چوری کر لی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اچھرہ، شاہدرہ سے کاریں جبکہ نیوانارکلی، سرور روڈ، شادباغ سے موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں۔

مزید : علاقائی