سپاٹ فکسنگ ، 5کرکٹرز کے بیرون ملک جانے پر پابندی ، نام ای سی ایل میں شامل کرنیکی سفارش
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سپاٹ فکسنگ کے معاملے پر زیر تفتیش کھلاڑیوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں شامل کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا ہے ۔ میڈیا ر پورٹ کے مطابق ایف آئی اے پنجاب کے سربراہ ڈاکٹر عثمان اور تفتیشی افسر کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک اہم قومی نوعیت کی تفتیش ہے جس کیساتھ ملکی وقار منسلک ہے۔ ایف آئی اے نے محمد عرفان، شاہ زیب حسن، خالد لطیف، شرجیل خان اور ناصر جمشید کو پوچھ گچھ کیلئے آج اورکل طلب بھی کر رکھا ہے، ان تمام کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں۔ رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کا مراسلہ وزارت داخلہ کو موصول ہو گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ان تمام کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں شامل کر دئیے جائیں گے۔