نادرا نے قبلہ درست نہ کیا تو اس کیخلاف تحریک چلائی جائے گی :حافظ نعیم الرحمٰن

نادرا نے قبلہ درست نہ کیا تو اس کیخلاف تحریک چلائی جائے گی :حافظ نعیم الرحمٰن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) نادرا کے ناروا سلوک، کے الیکٹرک کی اوربلنگ، پانی کی عدم فراہمی ،جرائم کی بڑھتی ہوئی واردات اور دیگر ان گنت مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ عوامی ریلی میں اورنگی ٹاؤن کے ہزاروں افرادنے شرکت کی اور زبردست احتجاج کیا۔ریلی میں بزرگ ،بچے اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ریلی کے انعقاد پر جماعت اسلامی کے اس اقدام کی تعریف کی۔ریلی کا آغاز شاہ ولی اللہ نگر سیکٹر ساڑھے گیارہ سے ہوا۔ریلی اورنگی ٹاؤن کے علاقے چشتی نگر،رئیس امروہوی ،رحمت چوک،غازی آباد ،گلشنِ ضیا،گلشن بہار،جوہر چوک ،شاہ فیصل چوک،اکبر چوک،ڈسکو موڑ،اورنگی نمبر12۔13،اور نشان حیدر سے ہوتی ہوئی اسلام چوک پر اختتام پذیر ہوئی،جہاں امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان، سابق ایم این اے لئیق احمد خان ،نائب امیر ضلع و صدر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع غربی فضل احد حنیف، امیر جماعت اسلامی زون اورنگی ٹاؤن مناظر الحسن اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنما نجیب ایوبی ،سجاد دارا اور دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ خوف کے سائے ختم ہوگئے ہیں اور ان لوگوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے جو پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو بے وقوف بناتے رہے ہیں۔اورنگی ٹاؤن کے عوام کے شناختی کارٖڈ کو بلاک کیا جارہا ہے جماعت اسلامی نے بلاک شدہ شناختی کارٖڈ کے حوالے سے حکومتی عہدیداروں سے بات کی ہے ۔اگر حکومت نے اورنگی کے عوام کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بہاریوں نے دو دفعہ ہجرت کی ہے آج ان کے ساتھ سوتیلی ماو ں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ، اورنگی کے عوام محب وطن ہیں مشرقی پاکستان کے محصور ین آج بھی کیمپوں میں محصور ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اسی طرح اورنگی کے عوام بھی آج پریشانی کا شکار ہیں۔لسانی سیاست کرنے والوں نے اورنگی کے عوام کا استحصال کیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مہاجر وں کی سیاست کرتی ہے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر سیاست کی مگر عوام کے مسائل حل نہیں ہوئے ۔لسانی تعصب پر عوام کو آپس لڑوایا جاتا ہے اور خود آرام سے حکومت میں بیٹھتے ہیں اور عوام کے ٹیکسوں پر عیاشی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر اختیارات کا رونا نہ روئیں جلسوں میں شریک ہونے والے کارکنان سے کچرا صاف کروائیں ۔آج بہاری بولنے والوں سے 1971کے راشن کارڈ کا پوچھا جاتا ہے اور بہاری بولنے والوں کے شناختی کارڈ بلا ک کیے جارہے ہیں۔ پانی اوربجلی سے محروم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اورنگی کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے عوام کو ان کا حق دلوائے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہرکی محرومیوں کو مٹانا چاہتی ہے ، اس شہر کی شناخت کو واپس لوٹانا چاہتی ہے ، شہریوں کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے ۔سابق سٹی ناظم نے K3منصوبنایا لیکن موجودہ حکومت کے K4منصوبہ نہیں بناسکی ۔عوام کو اب سمجھنا ہوگا اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیناہوگا ۔عبد الرزاق خان نے کہا کہ اورنگی کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔قوم پرستی کے نام پر عوام سے ووٹ حاصل کیے جاتے رہے اور حکومت میں آنے کے بعد عوام کا استحصال کیا گیا ،بنیادی سہولیات سے محروم کیا گیا ۔کے الیکٹرک اور نادرا نے عوام کا جینا مشکل کردیاہے ۔انہوں نے کہا کہ آج اورنگی کے عوام اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلیں ہیں ۔جماعت اسلامی اورنگی کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے حقوق دلوا کر دم لے گی۔لئیق احمد خان نے کہا کہ اورنگی کے عوام کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا گیا ،بند گلی کی سیاست بھی کی گئی اور انسانوں کو انسانون سے لڑوایا گیا لیکن جب جماعت اسلامی کو مو قع ملا تو تو جماعت اسلامی نے مثالی خدمت کی جس کا آج مخالف جماعت بھی اعتراف کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اورنگی کے عوام پانی ،بجلی ،نادرا کے مسائل کا شکار ہیں اگر جماعت اسلامی کو مو قع ملا تو جماعت اسلامی اورنگی کے مسائل حل کرے گی اور ایک دفعہ پھر روشن اورنگی بنائے گی۔اورنگی کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ فضل احد نے کہا کہ ریلی میں شریک بچے ،بوڑھے ،جوان سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ اورنگی کے کے عوام کے مسائل حل کیے جائیں۔ ان بزرگوں نے پاکستان کے لیے قر بانیاں دیں ہیں ،اپنا خون بہایا ہے۔آج انہیں لوگوں کے مسائل حل نہیں کیے جارہے ہیں۔نادار کی جانب سے قومی شناختی کارڈز نہیں بنائے جارہے۔انہوں نے کہا کہ اورنگی کے عوام پر ظلم کی انتہا کر دی ہے۔بجلی ،پانی اور زندگی گزارنے کے بنیادی سہولیات محروم کیا گیا ہے۔پولیس گردی کی وجہ سے اورنگی کے عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریاں کی جاتی ہیں اور بے گناہ افراد کو پکڑا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اورنگی کے عوام اپنا حق لینے کیلیے کھڑے ہوئے ہیں اور ان سب کا مطالبہ ہے کہ اورنگی کو آگے بڑھنے دو۔ مناظر الحسن نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے عوام کا مطالبہ ہے کہ اورنگی کو آگے بڑھنے دو۔نادرا اور کے الیکٹرک اور دیگر مسائل حل کیے جائیں اور اورنگی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماؤں جیسا سلوک ختم کیا جائے۔