سندھ حکومت دھاندلی کی پیدوار ہے ،سردار ممتازعلی بھٹو

سندھ حکومت دھاندلی کی پیدوار ہے ،سردار ممتازعلی بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں بلکہ دھاندلی کی پیداوار ہے ، جو کہ عوام کے مینڈیٹ پر انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے زبردستی ڈاکا ڈال کر سندھ پر مسلط ہوئے ہیں ، جس کا میں خود چشم دید گواہ ہوں ۔ میں نے خود رتو ڈیرو کے حلقے میں پولیس افسروں اور دیگر انتظامیہ کو پولنگ اسٹیشن کے دروازے بند کرکے جعلی ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا ، جنہوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ سردار صاحب آپ کہاں کہاں دھاندلی رکوائیں گے ۔ یہاں تو پورے حلقے میں انتظامیہ کو زرداری پارٹی کے امیدوار کو جتوانے کا حکم ملا ہوا ہے ۔ جس کے لیے میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اگر کوئی ایسا سچائی اور ایمانداری پر مبنی کمیشن بنے تو میں حلفیہ بیان دینے کو تیار ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار سردار ممتاز علی بھٹو نے ہفتے کے روز منگھوپیر میں سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنما میر عبدالنبی بروہی سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ممتاز بھٹو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورا سندھ کچرے کا ڈھیر اور بدبو دار پانی میں ڈوبا ہوا ہے ۔ سب سے پہلے گندگی اور کچرا صاف نہ کرنے والے حکمرانوں کا صفایا ضروری ہے ۔ جنہوں نے اپنے 9 سالہ دور حکومت میں خصوصاً سندھ کے عوام کا جینا حرام کرکے اذیتوں اور عذاب میں مبتلا کرکے لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے حالانکہ سندھ کے عوام ان سے نجات کی راہ تلاش کر رہے ہیں اور لوٹے ، لٹیرے ،و ذیرے ، پیر ، میر ، زرداری کے پاؤں میں گرکر عہدے اور وزارتیں حاصل کرنے کے لیے اپنا منہ کالا کر رہے ہیں ۔ زرداری پارٹی نے روٹی ، کپڑا ، مکان کا نعرہ عوام کے لیے نہیں بلکہ ان کا خون چوس کر اپنا پیٹ اور بینک اکاؤنٹ بھرنے کے لیے لگایا تھا ۔ زرداری ٹولہ غریب کے سروں سے چھت اور پاؤں سے زمین کھینچ کر انہیں بھوک و افلاس اور فاقہ کشی کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہو کر خودکشیاں کرنے پر مجبو رہیں ۔ عوام کو جان و مال کی سلامتی نہ دینے والے حکمران صرف اپنی حفاظت کے لیے پولیس اور کمانڈوز کا جلوس لے کر گھومتے ہیں ۔ سردار ممتاز علی بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ نیشنل فرنٹ عوام کے حقوق ، دھرتی کے تحفظ اور ان چوروں ، ڈاکوؤں اور لٹیروں سے نجات اور دھرتی کو بچانے کے لیے میدان میں نکل کر اپنا کردار ادا کرکے سندھ سے نمک حلالی کا ثبوت دے رہے ہیں ۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما انور گجر ، رزاق باجوہ ، عبدالفتح بھٹو ، نور بلو چ ، نوید بھٹو ، وسایو بھٹو اور دیگر موجود تھے ۔