الطاف حسین کے خلاف زہرافشانی قابل مذمت ہے ، قاسم علی رضا

الطاف حسین کے خلاف زہرافشانی قابل مذمت ہے ، قاسم علی رضا

لندن(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضا نے بابائے مہاجرقوم جناب الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے معزز اراکین کے خلاف عامرخان اورمصطفی کمال کی زہرافشانی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں قاسم علی رضا نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کے تشکیل کردہ پی آئی بی ٹولہ کے کرتا دھرتا ضمیرفروش عامرخان نے انتہائی گھٹیاذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق سینیٹر بابر خان غوری کے مرحوم والد تک کو نہیں بخشا۔1992ء اور 2016ء میں تحریک ، مہاجرقوم اور قائدتحریک جناب الطاف حسین سے غداری کرنے والے عامرخان کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے اراکین واسع جلیل اور مصطفی عزیزآبادی کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے اورآزمائش کی گھڑی میں قائد تحریک جناب الطاف حسین کا ساتھ دینے کی پاداش میں انہیں چمچہ گیرگروپ قراردینا بیمار ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عامرخان نے اپنے جھوٹے الزام میں نہیں بتایا کہ رابطہ کمیٹی کے ثابت قدم اراکین کس کی چمچہ گیری کرتے ہیں،اگر عامرخان میں ذرہ برابر بھی ہمت اور جرات ہوتی تووہ نام بھی بتایاجاتا جن کی واسع جلیل اور مصطفی عزیزآبادی چمچہ گیری کرتے ہیں تاکہ عامرخان کے اندر کا گھناؤنا چہرہ عوام وکارکنان کے سامنے بے نقاب ہوجاتا۔ قاسم علی رضا نے کہاکہ یہ بات طے ہے کہ اراکین رابطہ کمیٹی واسع جلیل اور مصطفی عزیزآبادی ’’ٹھاکر ‘‘کی چمچہ گیری نہیں کرتے جس کے آگے پی آئی بی ٹولہ کے ضمیرفروشوں نے سجدہ ریز ہوکر شہیدوں کے لہوکے ساتھ ساتھ اپنے ظرف وضمیرکا بھی سوداکرلیا ہے ۔ قاسم علی رضا نے چائنا کٹنگ کریمنل ٹولہ کے سرغنہ مصطفی کمال کی جانب سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کے وفادار کارکنان وعوام کو جرائم پیشہ قراردینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آزمائش کی گھڑی میں حق اور سچ کا ساتھ دینے والے حسینیت ؑ کے پیروکار ہیں اور حسینیت ؑ پر یقین رکھنے والوں کو جرائم پیشہ قراردینے والا خود سب سے بڑا کرمنل اور یزیدیت کا آلہ کار ہے ۔ قاسم علی رضا نے کہاکہ کراچی کا بچہ بچہ اچھی طرح جانتا ہے کہ اور بیشترسیاسی تجزیہ نگاربھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ چائنا کٹنگ ، زمینوں پر قبضے، بھتہ خوری ، قتل وغارتگری اور لوٹ مار میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کو پی ایس پی نامی فیکٹری میں ڈرائی کلین کیاجارہا ہے اور محض ایم کیوایم دشمنی میں ان جرائم پیشہ عناصر کے گناہ معاف کیے جارہے ہیں ۔قاسم علی رضا نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ کے شہری عوام نے بارہا اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ وہ مہاجرقوم پر کسی بھی مصنوعی قیادت کاتسلط ہرگزقبول نہیں کریں گے اوروہ آج بھی صرف اورصرف قائد تحریک جناب الطاف حسین کو ہی اپنا نجات دہندہ تسلیم کرتے ہیں اور زبان خلق کونقارہ خدا سمجھنا چاہیے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر