سعودی عرب میں گرد آلود ہواؤں نے حدنگاہ صفر کردی، ریت کا طوفان،شہریوں کو ضروری اقدامات کرنے ، گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت

سعودی عرب میں گرد آلود ہواؤں نے حدنگاہ صفر کردی، ریت کا طوفان،شہریوں کو ...
سعودی عرب میں گرد آلود ہواؤں نے حدنگاہ صفر کردی، ریت کا طوفان،شہریوں کو ضروری اقدامات کرنے ، گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت

  

جدہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)دنیابھر کی طرح سعودی عرب کے موسم میں بھی تبدیلی آرہی ہے، جدہ ، مکہ مکرمہ،مدینہ منورہ ریجن اور کئی شہر دیگرشہروں میں غبار آلود موسم ہفتے کی شام کو شروع ہوا اور مزید خراب ہوتاچلاگیا، میٹریولوجی اینڈ انوائرنمنٹل پریزیڈنسی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آندھی ریاست کے نو صوبوں کو متاثر کرسکتی ہے جبکہ طوفان کی وجہ سے حدنگاہ بھی متاثر ہے ، اتوار کو آنیوالا ریت کا طوفان بھی 55کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کا نتیجہ تھا جبکہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں تیز بارش اور برف باری بھی ہوئی۔

عرب میڈیا کے مطابق گردآلود ہواؤں کی وجہ سے سعودی عرب کے شمالی سرحدی علاقوں جوئف، تبوک ، مدینہ، مکہ ، حائل، ریاض اور دیگرمشرقی صوبے متاثر ہوئے جبکہ بیشہ،شقراء ،بریدہ قصیم،مکہ مکرمہ،جیزان اور حرمین شاہراہ پر حدنظر صفر رہا جس سے مختلف مقامی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔بیشتر مقامی اور غیر ملکی اپنے گھروں میں محصور ہو کے رہ گئے ہیں اور اسپتالوں میں ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے کیونکہ کھانسی، حلق کی تکالیف اور سانس و دمہ کے مریض فوری طبی امداد کیلئے مختلف کلینک پہنچے ہیں۔موسمیات سے متعلقہ ادارے کے ذرائع کے مطابق جنوب مغربی علاقوں میں گھنے بادلوں کیساتھ بارش متوقع ہے جبکہ دمام میں بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی موسم ابر آلود اور تیز ہوائیں چلنے کی اطلاع ہے۔مدینہ منورہریجن،حائل،تبوک، الجوف میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ گروغبار کاطوفان جاری رہا۔

محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور غیرملکیوں کو خبردار کیاہے کہ سانس کی تکلیف والے مریض بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور ڈرائیور حضرات احتیاطی تدابیر اختیار کریں، عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضروری اقدامات کریں اور ایمرجنسی نہ ہونے کی صورت میں گھروں کے اندر ہی رہیں۔لوگ درختوں ، ہورڈنگز وغیرہ سے دور رہی اور کھلے عام گرد میں جانے سے گریز کریں۔دوسری جانب متعلقہ حکام نے بعض صوبوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سول ڈیفنس ٹیموں کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیدیا۔

سول ڈیفنس کے ترجمان کیپٹن محمد الحمدی نے کہاکہ ریاض میں آئندہ ہفتے تک موسم ابرآلود رہے گا اور حدنگاہ کم ہی رہے گی ۔

مزید : عرب دنیا