جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری اور بلاول نیب آفس پہنچ گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش میں نیب کے نوٹس کے بعد سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب آفس پہنچ گئے۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور جیالوں کی بڑی تعدادنیب دفتر کے باہر موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاﺅنٹس کیس کی تفتیش میں نیب نے سابق صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو طلب کر رکھا تھا، پیپلزپارٹی کی قیادت وکلا کے ہمراہ نیب آفس پہنچ گئی،دونوں رہنما 19گاڑیوں کے قافلے میں نیب ہیڈکوارٹرز پہنچے، پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنو ں کی بڑی تعداد نیب دفتر کے باہر جمع ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت کی آمد پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور قیادت کے حق میں نعرے بازی کی جارہی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیب آفس کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ڈی چوک سے پارلیمنٹ جانے والے راستے کو بھی پولیس کی جانب سے بند کردیا گیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کو نیب ہیڈکوارٹر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ہی نیب آفس تک جاسکیں گے۔