پاکستان نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے خلاف بڑا قدم اٹھالیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے آئی پی ایل میچز پاکستان میں دکھانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے میچز پاکستان میں دکھانے پر پابندی کی سمری کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سمری پر دستخط کردیے ہیں۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے اپنے ملک میں پی ایس ایل میچز دکھانے پر پابندی عائد کی تھی، پاکستان میں آئی پی ایل کے میچز دکھانے پر پابندی عائد کی جائے اور پیمرا یقینی بنائے کہ آئی پی ایل کے میچز پاکستان میں نشر نہ ہوں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آئی پی ایل میچز پاکستان میں نشر کرنے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔