فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں‘ 2فوڈ پوائنٹس سیل‘860لیٹر دودھ تلف

فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں‘ 2فوڈ پوائنٹس سیل‘860لیٹر دودھ تلف

  



ملتان (سٹاف رپورٹر) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان سمیت متعدد اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے350فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی جبکہ 294پوائنٹس کو بہتری کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کر دئیے۔ ڈیری سیفٹی ٹیمز نے جنوبی پنجاب میں ناکہ بندی کر کے87 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود8367لیٹر دودھ کی چیکنگ کی اور860 لیٹر مضرصحت دودھ کو تلف کیا۔(بقیہ نمبر48صفحہ7پر)

اس کے علاوہ 2فوڈ پوائنٹس کو سربمہر کیا اور متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر124,000روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈیری سیفٹی ٹیمز نے ملتان اور بہاولنگر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی،87دودھ بردارگاڑیوں میں موجود8367لیٹر دودھ کو ملک ٹیسٹنگ انسٹرومنٹس سے چیک کیا گیا۔موقع پر لیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر16دودھ بردارگاڑیوں میں موجود860لیٹر مضرصحت دودھ کو تلف کیا گیا۔ملتان میں 70دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 7027لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی،12دودھ بردار گاڑیوں میں موجود دودھ کے سیمپل فیل ہونے پر640لیٹر ملاوٹی دودھ کو تلف کیا۔اسی طرح بہاولنگر میں 17دودھ بردار گاڑیوں میں موجود1340لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی،4گاڑیوں میں موجود دودھ کے سیمپل فیل ہونے پر220لیٹر ملاوٹی دودھ کو تلف کیا گیا۔ملاوٹی دودھ جگر،ہڈیوں کی بیماریوں کے علاوہ متعدد موذی امراض کا بھی باعث بنتا ہے۔اس کے علاوہ ملتان میں واقع ایم ایچ اے فوڈ پروڈکشن یونٹ کو جعلی لیبلنگ کرنے کھانے کی اشیاء زمین پر رکھنے،حشرات کی روک تھام کے نامناسب انتظامات ہونے اور صفائی کی ابتر صورتحال پر یونٹ کوسیل کیا گیاجبکہ بہاولنگر میں واقع الغوثیہ کریانہ سٹور کو گھی اور شہد کے سیمپل فیل ہونے پرکریانہ سٹور کو سربمہر کیا گیا۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جنوبی پنجاب میں سابقہ طور پر دیے گئے نوٹسز پر عمل نہ کرنے،حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر ملتان ڈویڑن میں 12فوڈ پوائنٹس کو 25,000روپے،ڈی جی خان ڈویژن میں 14پوائنٹس کو74,500روپے اوربہاولپور ڈویڑن میں 09شاپس کو24,500روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔مزید براں مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران ملاوٹی مصالحہ جات،زائدالمیعاد ڈرنکس،مضرصحت گھی،گوشت،رنگدار پاپڑ اور غیر معیاری خوراک کوموقع پر تلف کیا گیا۔ مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈپوائنٹس کو وارننگ نوٹس بھی جاری کیے۔

فوڈ اتھارٹی

مزید : ملتان صفحہ آخر