پاک فوج کے شہید آغامقدس آغا اور محمدتوصیف پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں سپردخاک

پاک فوج کے شہید آغامقدس آغا اور محمدتوصیف پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج ...

  



لاہور،نارووال(مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار)شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے انہیں جنم واصل کرکے شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ آغا مقدس کوپورے فوجی اعزاز کے ساتھ پیر رونکی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ لاہور کے بہادر سپوت لیفٹیننٹ آغا مقدس نے شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہادت کاعظیم رتبہ پایا۔شہید کی نماز جنازہ گول باغ شاد باغ میں ادا کی گئی جس میں شرکت کیلئے پورا علاقہ امڈ آیا،قریبی دوست احباب،رشتے دار، ایم پی اے غزالی سلیم بٹ اور چودھری شہبازبھی اس موقع پر موجود تھے۔نماز جنازہ کے موقع پر شہریوں میں جوش و جزبہ امڈ آگیا اورفضا پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستہ نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شہید کے والد آغا ارشد نے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا میرے دوسرے بیٹے بھی وطن پر جان قربان کرنے کیلئے حاضر ہیں۔ شہید کو مقامی قبرستان پیر رونکی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر بریگیڈیئر آصف حیات،بریگیڈیئر محمداحمد،بریگیڈیئرعلی اعجاز،لیفٹیننٹ حمز ہ نے صدر مملکت،وزیر اعظم،چیف آف آرمی سٹاف اور کورس میٹ کی جانب سے قبر پر پھول چڑھائے۔ادھر نارووال محلہ انصاریاں کے رہائشی پاک فوج کے جوان سپاہی محمد توصیف کو بھی پورے فوجی اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال،ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ سمیت سیاسی سماجی دینی شخصیات سمیت ضلع بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔نماز جنازہ پیر سید اظہر الحسن گیلانی نے پڑھائی،نماز جنازہ کے موقع پر پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محسن رضا،میجر فیاض اعو ا ن، کیپٹن عبداللہ،کیپٹن اویس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی،اس موقع پر عوام نے پاک فوج اورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، 22سالہ شہید محمد توصیف کے اہل خانہ کے مطابق شہید تقریبا ساڑھے تین سال قبل فوج میں پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور سماج دشمن عنا صر کیخلاف لڑنے کے عزم سے بھرتی ہوئے۔شہید کے والد محمد اشرف ڈرائیور، پانچ بیٹوں اور دو بیٹوں کے کفیل ہیں۔محمد توصیف گھر میں سب سے بڑے تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شہید محمد توصیف کے چھوٹے بھائی محمد احسن نے کہا کہ وہ بھی اپنے پیارے پاکستان کی حفاظت کیلئے پاک آرمی کو جوائن کرئے گا۔میری بھی خواہش ہے کہ میں اپنے وطن کی حفاظت میں جان کا نذرانہ پیش کروں۔

سپرد خاک

مزید : صفحہ آخر