کرونا وبا ء، امریکی شہریوں کیلئے 10کھرب سے زائد کا بڑا معاشی ریلیف پیکیج تیار

کرونا وبا ء، امریکی شہریوں کیلئے 10کھرب سے زائد کا بڑا معاشی ریلیف پیکیج تیار

  



واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف) ٹرمپ انتظامیہ نے عام شہریوں کے معاشی ریلیف کیلئے 10 کھرب ڈالرسے زائد کا پیکیج تیار کیا ہے۔ ا بتد ا ئی پیکیج میں 850ارب ڈالر مختص کئے گئے تھے جس میں بعدازاں 150ارب ڈالر کا اضافہ کر دیا گیا۔امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے جمعرات کے روز ایک بریفنگ میں بتایا کہ شہریوں کو ملنے والے اس ریلیف پیکیج کے علاوہ کرونا وائرس کے سدباب کیلئے بھی کانگریس سے مزید45ارب80کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ پہلے ابتدائی طور پر اڑھائی ارب ڈالر کانگریس سے طلب کئے تھے جس کے بعد ا ب یہ رقم 48ارب 30کروڑ ڈالر ہو گئی ہے۔ وزیرخزانہ نے بتایا صدر ٹرمپ پہلے کانگریس سے منظوری کے بعد ایک بل دستخط کر چکے ہیں جس کے ذریعے بیروزگار ہونیوالے ملازموں یا مجبوری کے تحت کام پر نہ جانیوالے افراد بیماری کی درخواست دیکر پورا معاوضہ حاصل کر سکیں گے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ملک میں انتہائی کم سالانہ آمدنی والے ہر امریکی شہری کو اپریل اور مئی میں ایک ایک ہزار اور بچوں کو پانچ پانچ سو ڈالر کے چیک ملیں گے۔ امریکی تاریخ میں معاشی ریلیف کا اتنا بڑا پیکیج امریکی شہریوں کو اس سے پہلے کبھی نہیں ملا۔

امریکی معاشی پیکیج

مزید : صفحہ اول