جماعت اسلامی کابھرپور انداز میں کرونا آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

جماعت اسلامی کابھرپور انداز میں کرونا آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

  



لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی شہر لاہور میں جان لیوا کورونا وائرس سے شہریوں کو محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی تدابیر کیلئے آگاہی مہم کو وارڈز اور یوسیز کی سطح پر بھر پور انداز میں چلائے گی۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام چلنے والے ثریاعظیم، آمنہ جبار ہسپتال سمیت دیگر ڈسپنسریاں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹے کے لیے شہریوں میں آگاہی مہم اور تشخیص کیلئے خدمت خلق کے کام کو سرانجام دیں گی۔ جماعت اسلامی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہمیشہ کی طرح مصیبت کی گھڑی میں کورونا وائرس سے بچانے کیلئے شہریان لاہور کی خدمت میں پیش پیش ہوگی۔

 اس حوالے سے کل بروز جمعتہ المبارک بعد نماز عصر مال روڈ پر شہریوں کو کورونا وائرس کی تشخیص اور آگاہی کیلئے الخدمت لیب اور ثریا عظیم ہسپتال کے تعاون سے بڑا کیمپ لگایاجارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے عہدیداران کو شہر بھر میں شروع ہونے والی کورونا وائرس آگاہی مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران مشکل وقت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی جس پرپوری قوم کو تشویش ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں عالمی منڈی کے تناسب سے فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں کم ازکم 50 روپے کمی کا اعلان کرے۔نا اہل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک سے بحرانوں شکار تھا جبکہ کہ کورونا وائرس کی وباء نے اس میں مزید اضافہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا کورونا وائرس کے حوالے سے قوم سے خطاب مایوس کن تھا اس خطاب کے بعد پوری قوم میں خوف وہراس کی فضاء پھیل گئی ہے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے موڑ پر آگئی ہے۔ مہنگائی کی شرح ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1