کورونا سے بچنے کیلئے چین سے رہنمائی لے رہے ہیں،ہمایوں اختر
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ہرگز مایوس اور خوف کا شکار نہیں اور مشکل کی اس گھڑی سے تقویت لے کر سر خرو ہوں گے، کورونا وائرس کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے اپنے دیرینہ دوست چین سے رہنمائی لے رہے ہیں اور ہم بھی کامیابی میں اس کی پیروی کریں گے،مسلم لیگ (ن) کی قیادت کورونا وائرس پر بھی اپنی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے؎
۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے محدود وسائل کے باوجود ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ ساتھ یہ کوشش کر رہی ہے کہ عوام کے معمولات زندگی بالکل معطل نہ ہوں۔ ملک میں اشیائے خوردونوش کی کسی طرح کی کوئی قلت نہیں اور انتظامیہ کو سختی سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عوام کا استحصال کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جب پوری قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے ایسے حالات میں بھی مسلم لیگ (ن) اپنی سیاست چمکانے سے باز نہیں آرہی،قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر حکومت پر تنقید کے نشتر برسانے کی بجائے ملک میں واپس آ کر اس مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ کیوں کھڑے نہیں ہوتے۔ پاکستان میں موجود مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی اپنی قیادت کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور اپنی سیاست کو بچانے کیلئے تنقید برائے تنقید پر عمل پیرا ہیں جو قابل مذمت ہے۔