لاہور چیمبر نے کرونا کی آفت سے نمٹنے کیلئے فنڈ قائم کردیا

لاہور چیمبر نے کرونا کی آفت سے نمٹنے کیلئے فنڈ قائم کردیا

  



لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کرونا کی آفت سے نمٹنے کے لیے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ایک کروڑ روپے کی ابتدائی رقم سے فنڈ قائم کردیا ہے۔ یہ فنڈ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد کی مشاورت سے قائم کیا ہے۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ یہ فنڈ قائم کرنے کا مقصد کرونا کی بدترین آفت سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرنا اور حکومت کو معاونت مہیا کرنا ہے کیونکہ وہ تنہا اتنے بڑے مسئلے سے نہیں نمٹ سکتی۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی سماجی ذمہ داریاں اسی جوش و خروش سے ادا کرتا رہے گا، جب کبھی ملک پر کوئی آفت نازل ہوئی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فوری طور پر متحرک ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ماضی میں زلزلہ اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز دئیے اور آئندہ بھی یہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے متاثرہ بھائی بہنوں کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل دیکر لاہور چیمبر کی حوصلہ افزائی کی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ تاجر برادری اس موقع پر اپنا بہترین کردار ادا کرے۔

مزید : کامرس