شہری کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاط کریں: ڈاکٹر سلیم حیدر

شہری کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاط کریں: ڈاکٹر سلیم حیدر

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، عوامی اجتماعات پر جانے سے گریز کیا جائے تاکہ کرونا وائرس سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہو اہے۔ حکومتوں کی نااہلی کے باعث اب یہ وباء پاکستان میں بھی پہنچ گئی ہے جس سے بڑی تیزی سے لوگ متاثر ہورہے ہیں، لہٰذا کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کے شہریوں علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام خاص طورپر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کوئی ایسا عمل نہ کریں کہ جس سے یہ وائرس ان میں منتقل ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام میں خوف وہراس پھیلانے کے بجائے عملی اقدامات کریں، بدقسمتی سے حکومتوں کی نااہلی کی سزا عوام کو مل رہی ہے۔ صوبائی حکومت جو کہ ماضی میں بھی صحت کی بنیادی سہولیات عوام تک پہنچانے میں ناکام رہی ہے سندھ میں کتے کے کاٹے، ایڈز، ملیریا، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس اور پولیو جیسی بیماریوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور غریب عوام ان بیماریوں کا شکار ہوکر موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ اس لئے عوام کو حکومت پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے طورپر بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات سے نہیں لگتا کہ وہ عوام کے کرونا وائرس جیسی موذی بیماری سے بچاسکیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر