کورونا وائرس: حافظ نعیم الرحمن کی وزیراعلی سندھ کو مکمل تعاون کی پیشکش
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہرممکن تعاون کی پیشکشکرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال پر تعاون اور مشاورت کے بغیر قابوپانا ناممکن اور مشکل ہے‘ جماعت اسلامی شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑسکتی‘ حکومت سے ہر قسم کا تعاون کریں گے‘ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو موجودہ حالات کے حوالے سے ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جماعت اسلامی کراچی سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے، اس موقع پر جبکہ پورا ملک خصوصا صوبہ سندھ جن حالات سے دوچار ہے اس میں باہمی تعاون اور مشاورت کے بغیرقابو پانا ناممکن اور مشکل ہے۔ اس گھڑی میں جہاں پوری قوم اور صوبے کے رہنے والے صوبائی حکومت کے اقدامات اور احکامات پر عمل کر رہے ہیں جماعت اسلامی بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔ اس اچانک اور بگڑتی صورتحال جو کورونا وائرس (COVID-19) کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے کراچی اور پورے صوبہ سندھ میں حکومتی کوششوں میں ہم ہر قسم کی معاونت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ جماعت اسلامی رضاکارانہ طور پر کراچی اور صوبہ سندھ کے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پہلے ہی پاکستان ڈاکٹرز میڈیکل ایسوسی ایشن کوڈاکٹروں اوررضا کاروں کی لسٹ فراہم کرچکی ہے جو پورے صوبے میں خدمات انجام دے سکتے ہیں۔حافظ نعیم نے خط میں مزید میں کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ الخدمت اور جماعت اسلامی اس مقصد کے لیے مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہر قسم کی معاونت کریں۔ جہاں تک احتیاطی تدابیر کا تعلق ہے اس سلسلے میں کوئی بھی حکومتی اقدام اس طرح نہ اٹھایا جائے جس سے شہریوں میں افراتفری پھیلے بلکہ بنیادی سہولیات جن میں صحت عامہ اور خوراک کی ضرورت پوری ہو فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ایک اور تجویز یہ ہے کہ ہم سمیت حکومت اور صوبے کے تمام شہری ایک مہم شروع کریں جس کا مقصد اللہ رب العزت سے معافی اور استغفارہو جسے‘رجوع الی اللہ‘کا نام دیا جاسکتا ہے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ اس کے بغیر ہماری تمام کوششیں بے سود نہ ہوجائیں۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ اس موقع پر جب تمام کاروبارزندگی بند ہوتا جارہا ہے روز مرہ کے کمانے والوں، کم آمدنی والے ملازمین، بے روزگارطبقہ جو پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہے کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے۔ خط کے آخر میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک متحرک،اچھی اپروچ اور وسیع النظر منتظم وزیر اعلیٰ سندھ کی حیثیت سے سیاسی وفلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر جس میں جماعت اسلامی کراچی اور الخدمت جیسا ادارہ بھی شامل ہے سب مل کر اس سنگین صورتحال پر قابو پانے میں ضرورکامیاب ہوجائیں گے۔