خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، ضیاء اللہ بنگش

خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کیمشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بیشمار مواقع موجود ہیں، موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے سائٹ کے دورہ کے دوران کیا. ضیاء اللہ بنگش نے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے سائٹ کا جائزہ لیا اور محکمے کے افسران سے بریفنگ لی اور ضروری ہدایات جاری کیے. انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل سٹی ہری پور میں تعمیر کرنے جا رہی ہے، جس سے ہزارہ ریجن، پشاور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے طلباء مستفید ہوں گے، ہری پور میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی منصوبے کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان رکھیں گے. ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کے حوالے سے مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے. اس موقع پر ایم پی اے ارشد ایوب، پی ٹی آئی رہنما یوسف ایوب، سیکرٹری مختیار احمد، ایم ڈی خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ شہباز اور خان اور دیگر افسران بھی ضیاء اللہ بنگش کے ہمراہ تھے.

مزید : پشاورصفحہ آخر