پشاور میں بغیر ہیلمٹ پیٹرول ڈالنے پر پمپ مالک گرفتار

پشاور میں بغیر ہیلمٹ پیٹرول ڈالنے پر پمپ مالک گرفتار

  



پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل میں پٹرول ڈالنے پر پمپ کے مالک کو گرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر شہر بھر میں ہیلمٹ کے بغیر پٹرول ڈالنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف کارروائیوں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کے تحت ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے انچارج کینٹ ایس آئی ظفر اقبال اور ایس ایچ او شمشاد خان نے درویش مسجد کے قریب پی ایس او پٹرول پمپ میں بغیر ہیلمٹ کے پٹرول ڈالنے پر پمپ کے مالک اختر منیر ولد میر اکبر کو گرفتار کر کے ضلعی انتظامیہ کی خاتون آفیسر گلشن آرا کے عدالت میں پیش کر کے موٹر سائیکل سوار اور پمپ مالک پر جرمانے عائد کردیئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اسی طرح بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل میں پٹرول ڈالنے والے پمپ مالکان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر