کرونا سے بچاؤ کیلئے صرف احتیاط کی ضرورت، انشااللہ پاکستان وائرس کیخلاف جنگ جیتے گا: وزیراعظم 

کرونا سے بچاؤ کیلئے صرف احتیاط کی ضرورت، انشااللہ پاکستان وائرس کیخلاف جنگ ...

  



اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا سے خوف کی نہیں صرف احتیاط کی ضرورت ہے، انشا اللہ پاکستان کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتے گا،چین کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے معاونت کو فراموش نہیں کر سکتے، پاکستانی بطور قوم متحد ہو کر وائرس کو شکست دیں گے۔ جمعرات کو وزیراعظم سے سابق وزیر قانون بابر اعوان نے ملاقات کی ہے جس میں کرونا وائرس اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کرونا وائرس پر کنٹرول کے حوالے سے چین کا تعاون قابل ستائش ہے، چین کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے معاونت کو فراموش نہیں کر سکتے، پاکستانی بطور قوم متحد ہو کر وائرس کو شکست دیں گے، وائرس کے اثرات کے تناظر میں عالمی اداروں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، کرونا کے حوالے سے تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں جبکہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل کو برے کار لایا جائے گا۔بعدازاں وزیر اعظم سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملاقات کی،جس میں ریلوے سمیت عوامی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔بعدازاں وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں کرونا کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معطل کیے جانے اور اس دوران طلباء کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ قومی یکساں نصاب تعلیم میں آنحضور ؐ کی سیرت مبارکہ، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور برصغیر پاک و ہند کے عظیم مفکر شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے افکار اور سوچ کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی نصاب تعلیم کا مقصد جہاں نئی نسل کو جدید دور کے تقاضوں اور چیلنجز کیلئے تیارکرنا ہے وہاں ان میں معاشرتی اقدار کو اجاگر کرنا ہے تاکہ بحثیت قوم ہمارا تشخص اجاگر ہو۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ یکساں نصاب کو رائج کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نصاب کی کتابوں کی اشاعت کے حوالے سے مافیا کے عمل دخل کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے پہلا مرحلہ مکمل کرتے ہوئے پہلی سے پانچویں جماعت تک کیلئے نصاب تعلیم تیار کرلیا گیا،چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کا قومی نصاب مارچ 2022، نہم سے بارھویں جماعت تک کا قومی نصاب مارچ 2023تک مکمل طور پر رائج ہو جائے گا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ وزارت تعلیم نے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے سات گھنٹوں کی تعلیمی نشریات کا اہتمام کیا ہے تاکہ طلبا اپنے گھروں پر رہتے ہوئے تعلیمی چینل کے ذریعے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جا ری رکھ سکیں اوران کی تعلیم میں کسی قسم کا کوئی حرج نہ ہو۔

وزیراعظم عمران خان

مزید : صفحہ اول