چیف ایگزیکٹیو کا صفائی کے اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت

چیف ایگزیکٹیو کا صفائی کے اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت

  



پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے کورونا وائرس کے تناظر میں عملے کے تحفظ کے لئے اقدامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ کسی ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے واٹر ٹینکرز تیار اور کلورین کا اضافی سٹاک رکھنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔ وہ کوروناہ وائرس سے پیدا شد صورتحال بارے ڈبلیو ایس ایس پی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہوں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں جنرل منیجر آپریشنز ریاض احمد خان،جی ایم پراجیکٹس امیر خان مہمند، جی ایم ایچ آر اینڈ ایڈمن میاں آصف شاہ، زونل منیجرز طارق عزیز، عامر گل خٹک، ماریہ شہناز، جہانگیر خٹک، سینئر منیجر ایم آئی ایس اسمارہ راحت، ترجمان حسن علی اور دیگر حکام شریک ہوئے، اس موقع پر کورونا وائرس کی صورتحال اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر کو عملے کے تحفظ کے اقدامات اور شہری خدمات کی فراہمی کے جاری آپریشن بارے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صبح وشام دونوں شفٹوں کا دورانیہ کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم زونل منیجرز معمول کے مطابق صفائی اور شہری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ضرورت کے مطاق اقدامات اٹھانے کے پابند ہوں گے، شفٹوں کا دورانیہ کم کرنے کا مقصد عملے کووائرس کے ممکنہ وار سے بچانا ہے۔ سید ظفر علی شاہ نے ہدایت کی کہ حفاظتی اقدامات پر ہر حال میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اس حوالے سے کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، آپریشن کی اوقات کا جائزہ لیتے ہوئے ایسا بندوبست کیا جائے کہ صفائی اور عملے کا تحفظ ساتھ ساتھ دونوں یقینی ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی ہنگامی بنیادوں پر مزید حفاظتی آلات، ماسک، دستانے وغیرہ خرید جائیں۔ انہوں کہا کہ عملے اور لوگوں کی آگاہی کے لئے مہم کا آغاز کر دیا ہے، شہری خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حکومتی احکامات کی روشنی میں لوگوں کے بچاؤ کے لئے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر