کراچی کے عوام کو جلد لاکھوں ماسک تقسیم کئے جائینگے،گورنر سندھ

کراچی کے عوام کو جلد لاکھوں ماسک تقسیم کئے جائینگے،گورنر سندھ

  



کراچی (این این آئی) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں عوام کی بڑی تعدادیومیہ اجرت پر کام کرتی ہے اور لاک ڈاؤن سے زیادہ تر غریب اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے متاثر ہونگے اس لئے موجودہ حکومت سمجھتی ہے کہ پاکستان کسی لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم پاکستان تمام صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور وائرس سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے قائد اعظم انٹر نیشنل ایئر پورٹ پرکرونا وائرس کے کنٹرول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائز ہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنرسندھ کو ایئر پورٹ پر حکام نے وائرس کی تشخیص کے طریقہ کار، اسکریننگ، قرنطینہ منتقلی اور اس ضمن میں اٹھائے گئے دیگر اقدامات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔گورنرسندھ نے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ،خرم شیر زمان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ڈس انفیکشن ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عاصم محمود خان بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو میں گورنرسندھ نے کہا کہ پوری دنیا ایک نئے دور سے گزر رہی ہے اس معاملہ میں اگر ہم ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھاتے رہیں گے تو اس سے بچنا مشکل ہوجائے گا، وفاقی حکومت نے 15 سو ٹیسٹ کٹس حکومت سندھ اور ہسپتالوں کو دی ہیں اور 200 ٹیسٹ مشینیں بھی دی جارہی ہیں جبکہ این ڈی ایم اے کے ذریعہ جلد لاکھوں کی تعداد میں ماسک بھی فراہم کئے جائیں گے۔

عمران اسماعیل

مزید : صفحہ اول