عوام حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں،آئی جی سندھ

عوام حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں،آئی جی سندھ

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وبا کے حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے جاری رہنما ہدایات پر رضاکارانہ عمل درآمد اور اس ضمن میں سرگرم اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون پر عوام، تاجر برادری اوردیگر تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کا تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وبا کے حوالے سے من حیث القوم ہم سب کو زیادہ ذمہ داری اورفرض شناسی کا مظاہرہ کرنیکی ضرورت ہے کیونکہ اس ناگہانی آفت سے نمٹنے اوربچاؤ کی یہی واحدصورت ہے۔ہمیں کرونا وبا کیخلاف اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار انتہائی ذمہ داری سے ناصرف ادا کرنا ہے بلکہ اس سلسلے میں حکومتی اقدامات پر عمل درآمد بھی کرانا ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ اس وبا کیخلاف سب سے پہلا اور بنیادی قدم عوام کی نقل و حمل کو حقیقی معنوں میں محدودکرناہے۔عوام پر لازم ہے کہ وہ اپنی نقل و حمل کو کم سے کم رکھیں، انتہائی ضروری ہوتوعوامی جگہوں اور مقامات پرجائیں،غیر ضروری میل جول، اجتماعات اور رابطوں سے اجتناب کریں جسکا مقصدصرف اورصرف کرونا سے خود کو اپنے خاندان کواوردیگر لوگوں کومحفوط رکھنا ہے۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ پولیس واضح ہدایات کے تحت مورخہ 20مارچ یعنی کل بروز جمعتہ المبارک سے گاڑیوں کے اندر،سڑکوں شاہراہوں پر یا دیگر مختلف مقامات پر چار تا پانچ سے زیادہ افراد کے اکٹھا نہ ہونے کے عمل کو یقینی بنائیگی بصورت دیگرقانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔عوام سے گزارش ہے کہ بنا کسی معقول وجہ یا مجبوری اکٹھے سفر نہ کریں۔ان اقدامات پر عمل درآمد نا صرف خود کو بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیئے ضروری ہے۔

مزید : صفحہ اول