حکومت کی غفلت سے کرونا وائرس ملک بھر میں پھیل گیا،پرویز رشید
لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، حکومت کو تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ دنیا میں یہ وبا پھیل چکی ہے،کرونا پھیلنے کے 2ماہ بعد وزیراعظم نے عوام سے خطاب کیا جب وبا اپنا اثر دکھا چکی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو تفتان بارڈر کے حالات کا بھی علم نہیں تھا، بعد میں وہاں کی ویڈیوز سے علم ہوا کہ وہاں کتنے بڑے حالات ہیں۔وہاں کرونا وائرس میں مبتلا افراد کی دیکھ بھال کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری تھی،نااہلی کے باعث وائرس خیبر سے کراچی تک پھیل چکا ہے۔کورونا وائرس اب مزید وبا کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔پنجاب کے وزیر اعلی کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے میٹنگ کے بعد استفسار کیا کہ کرونا کاٹتا کیسے ہے؟ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو دوسروں سے الگ رکھنے کی سہولت بھی موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں سیاست اور صحافت کو کچلنے لگ جائے تو ملک میں وبا ہی پھیلتی ہے۔ عمران خان معاملات کو سنبھالنے میں مکمل ناکام ہیں۔عمران خان مہنگائی کو روکنے اور اب اس وبا کو روکنے میں بھی ناکام ہیں۔
پرویز رشید