دوسروں کو کورونا وائرس کا شکار کرنے کے خواہشمند مریض کی موت ہوگئی

دوسروں کو کورونا وائرس کا شکار کرنے کے خواہشمند مریض کی موت ہوگئی
دوسروں کو کورونا وائرس کا شکار کرنے کے خواہشمند مریض کی موت ہوگئی

  



ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان میں دوسروں کو کورونا وائرس کا شکار کرنے کا خواہش مند اسی وائرس کے باعث موت کے گھاٹ اتر گیا۔ دی سٹار کے مطابق اس 57سالہ آدمی کو 4مارچ کو کورونا وائرس لاحق ہوا۔ اس سے ایک روز قبل اس کے والدین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی تھی جن کے ساتھ یہ رہتا تھا۔ اس کے ماں باپ کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ حکام نے اسے گھر تک محدود رہنے کا حکم دیا لیکن یہ اسی روز باہر نکلا اور شراب خانوں میں گھومتا رہا اور شراب پیتا رہا۔

ہسپتال میں اس آدمی کے والدین نے حکام کو بتایا کہ ان کا بیٹا اس وائرس کو دوسرے لوگوں میں پھیلانا چاہتا ہے۔ اس نے کہا تھا کہ وہ باہر جائے گا اور لوگوں سے ملے گا تاکہ دوسرے بھی اس وائرس کا شکار ہوں۔ حکام نے یہ بات سن کر اس آدمی کو بھی حراست میں لیا اور ہسپتال میں قرنطینہ میں رکھ لیا تاہم وہ تب تک شراب خانوں سمیت کئی مقامات پر جا چکا تھا۔ رپورٹ کے مطابق 18مارچ کو اس آدمی کی ہسپتال میں موت واقع ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق یہ آدمی جن شراب خانوں میں گیا تھا وہاں کے کئی ملازمین میں بعد ازاں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔واضح رہے کہ جاپان میں کورونا وائرس کے اب تک 924کیس سامنے آ چکے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی