پنجاب میں کورونا وائس کے کتنے مریض ہیں؟تشویشناک اعداد و شمار سامنے آگئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سندھ حکومت نے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کا عمل شروع کر دیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آئندہ تین دن تک گھروں میں ہی رہیں کیونکہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ موذی وائرس تیزی کے ساتھ ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہو رہا ہے ،دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے بارے میں تفصیلی اعداد و شمار پیش کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گجرات،فیصل آباد اور ٹیکسلا میں بھی قرنطینہ مرکز قائم کیے جارہے ہیں جبکہ گھروں میں قائم ہونے والے آئسولیشن کے حوالے سے ایس او پیز مرتب کرلی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 96 ہو چکی ہے جن میں 71 زائرین شامل ہیں جبکہ لاہور میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے ،ملتان میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریض 2 ,مظفر گڑھ میں 3، گجرات میں بھی تین جبکہ راولپنڈی اور جہلم میں کورونا وائرس کا ایک ایک مریض زیر علاج ہے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر ’چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول‘ قائم کر دیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ دل کھول کر چیف منسٹر برائے کورونا کنٹرول میں عطیات دیں،مخیر حضرات اکاؤنٹ نمبر6010204028500013 بینک آف دی پنجاب سول سیکرٹریٹ میں عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔