امید ہے کہ بلاول بھارتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیان دیاہے،امید ہے وہ بھارتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ جمہوری انداز میں کریں گے،پریشان ہمیں ہونا چاہیے تھا الٹا پریشان یہ ہیں۔کسی رکن اسمبلی کوووٹ دینےسےنہیں روکیں گے۔زبردستی نہیں کریں گے،ہم اپنامینڈیٹ ارکان کویادکرائیں گے اس کے بعد ان کی مرضی وہ جس کو چاہیں ووٹ دیں۔ اپنےارکان کومنانےکی پوری کوشش کریں گےلیکن زبردستی نہیں کریں گے۔
وزیر خارجہ نے کہابھارت اوآئی سی کانفرنس کوسبوتاژکرنا چاہتا ہے اور وہ پوری کوشش کرے گا کہ کسی طرح یہ اجلاس ملتوی ہو جائے۔ہمیں امید ہےبلاول بھٹو بھارتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اپوزیشن سے سوال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اگرآپ کے پاس نمبرز پورے ہیں تو گھبرا کیوں رہے ہیں؟
خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ اگر پیر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی گئی تو اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس بھی نہیں ہونے دیا جائے گا۔