شہباز،حمزہ منی لانڈرنگ کیس میں بینکرز کے بیانات عدالت میں جمع
لاہور(نامہ نگار)سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز جعلی اکاونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں بینکرز کے بیانات عدالت میں جمع کروا دیئے گئے جس میں بتایا گیاہے کہ رمضان شوگر ملز کے چپڑاسی مقصود کے اکاؤنٹ کیسے کھلے اورکتنی رقم جمع ہوئی،ایف آئی اے کی طرف سے مزید بتایا گیاہے کہ مقصود چپڑاسی کے سات مختلف اکاونٹ میں رقوم جمع ہوتی رہیں، مقصود چپڑاسی ہر اکاونٹ کے لیے اپنا بزنس اور سالانہ ٹرن اوور مختلف ظاہر کرتا رہا، مختلف بینکوں میں رمضان شوگر مل نے ہی اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے مقصود چپڑاسی کو ریفر کیا،رمضان شوگر ملز کا کیش بوائے مزمل مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ کھلوانے کیلئے بینکرز کو دھمکاتا رہا، بینکر محمد اعجاز کے بیان کے مطابق ایک اکاؤنٹ کیلئے مقصود چپڑاسی نے خود کو رمضان ملز کا شوگر بروکر ظاہر کیا، رمضان شوگر ملز نے اس کو ویری فائی تو کیا مگر کوئی دستاویز فراہم نہ کی، بینکر نوید وہاب کے بیان کے مطابق چنیوٹ میں مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں مشکوک ٹرانزیکشنز پر ڈیبٹ بلاک کر دیا،مقصود چپڑاسی نے اس اکاؤنٹ کو بزنس اکاؤنٹ میں تبدیل کروا کر دوبارہ کھلوا لیا، بینکر تنویر حسین کے بیان کے مطابق مقصود احمد 2017 میں چنیوٹ نجی بینک آیا، مقصور احمد کے دستخط اردو میں ہونے کی وجہ سے اس کو فوٹو اکاؤنٹ کھولنے کا کہا گیا، انکار پر مقصود اور رمضان شوگر ملز کے کیش بوائے مزمل نے عملے کو ڈرایا دھمکایا، بعد میں مقصود نے انگلش دستخط کے ساتھ نیا فارم دے کر اپنی کمپنی کے نام پر اکاونٹ کھلوا لیا، ایک اکاونٹ میں ستر ہزار ماہانہ اور سالانہ 13 لاکھ ٹرن اوور لکھی مگر اصل ٹرن اوور 360 ملین تھی، بینکر محمد حشام کے بیان کے مطابق مقصود چپڑاسی نے ایک اکاونٹ کی سالانہ ٹرن اوور 12ملین ظاہر کی مگر اصل 463 ملین ہوئی، ایک اکاونٹ میں مقصود نے 13 لاکھ ظاہر کی مگر سالانہ ٹرن اوور 1064 ملین تھی، بینکر محمد احمد کے بیان کے مطابق ایم سی بی میں کھلوائے ایک اکاؤنٹ میں مقصود نے 1.5ملین ٹرن اوور لکھی جبکہ اصل 772 ملین تھی،بینکرز نے رمضان شوگر ملز کے کیش بوائے مزمل کی جانب سے ہراساں کرنے کا بیان دے دیا،بینکر ز نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مزمل شہباز شریف فیملی کا ملازم تھا اس لیے ڈرا دھمکا کر بینکرز سے کار کرواتا، مزمل ہی مختلف ملازمین کے نام پر کھلے اکاونٹس میں لین دین کرتا تھا۔
بیانات جمع